ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: آیوش منسٹری کے اقدامات کے خلاف انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے دیا میمورنڈم

بھٹکل: آیوش منسٹری کے اقدامات کے خلاف انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے دیا میمورنڈم

Sat, 06 Feb 2021 14:13:36    S.O. News Service

بھٹکل،6؍فروری (ایس او نیوز) محکمہ آیوش کی طرف سے انڈین میڈیسن کے ڈاکٹروں کو پوسٹ گریجویشن کے بعد جنرل سرجری کی اجازت دئے جانے کے خلاف ماڈرن میڈیسن ڈاکٹروں کی تنظم انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے اعتراض اور احتجاج کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

آئی ایم اے کی بھٹکل یونٹ کی طرف سے اس ضمن میں ایک میمورنڈم اسسٹنٹ کمشنر کو دیا گیا۔ ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سینٹرل کاونسل آف انڈین میڈیسن نے مختلف طریقہ ہائے علاج کو ملانے اور انڈین میڈیسن کے گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس کو "مکسو پیتھی" کی راہ پر ڈالنے کے جو اقدامات کیے ہیں وہ عملی طور پر ناقابل عمل ہونے کے علاوہ مریضوں کے لئے انتہائی خطرناک ہوسکتے ہیں۔

آیوروید میں گریجوییشن کرنے والے ڈاکٹروں کو پوسٹ گریجویشن کے لئے 'شلیا تنترا' کے نام سے جنرل سرجری میں ایم ایس کی ڈگری تفویض کرنے کے اقدام کو آئی ایم اے نے پوری طرح مسترد کیا ہے اور اس کی معقولیت پر اہم سوال اٹھائے ہیں۔ میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مرکزی حکومت ہیلتھ کیئر میں 'مکسو پیتھی' یا ' کھچڑی پیتھی' جیسے اقدامات سے باز رہے۔

آئی ایم اے کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح کے اقدامات کی شدید مخالفت کرتی ہے اور اس کے خلاف ایک لمبی جدوجہد کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات کے خلاف اپنا احتجاج درج کرنے کے لئے اس کے اراکین یکم فروری سے 14فروری تک چودہ دنوں کے لئے "سیو ہیلتھ کیئر موومنٹ" نعرے کے ساتھ بنگلورو میں واقع آئی ایم اے کرناٹکا دفتر کے احاطے میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم سونپنے کے موقع پر آئی ایم اے بھٹکل کے صدر ڈاکٹر سمیع اللہ، سیکریٹری ڈاکٹر سید عبدالقادر، ڈاکٹر سریش شانبھاگ وغیرہ موجود تھے۔


Share: